کراچی: سائٹ احسن آباد کے علاقے میں ایک فلیٹ سے میاں بیوی اور ان کے تین بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، پولیس کے مطابق تمام لاشیں کئی روز پرانی ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پانچوں لاشیں عمارت کی ساتویں منزل پر واقع فلیٹ کے ایک کمرے سے ملیں۔ ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ کے مطابق فلیٹ کے دروازے اندر سے بند تھے جبکہ جاں بحق ہونے والا شخص ڈاکٹر اور اپنے گھر کا کفیل تھا۔
پولیس نے پانچوں لاشوں کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کیلئے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا ہے۔ حکام کے مطابق پوسٹ مارٹم کے بعد ہی اموات کی اصل وجہ سامنے آسکے گی، جبکہ لاشوں کی شناخت اور واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس نے ابتدائی طور پر شبہ ظاہر کیا ہے کہ ممکنہ طور پر خاندان کے افراد نے خودکشی کی ہے، تاہم موت کی حتمی وجہ پوسٹ مارٹم اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی معلوم ہوسکے گی۔
دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیاءالحسن لنجار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ایسٹ سے تفصیلات طلب کرلی ہیں اور ابتدائی پولیس کارروائی سے فوری طور پر آگاہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ واقعے کی مکمل تفتیش اور تحقیق کے ذریعے حتمی نتائج سامنے لائے جائیں اور ایس ایس پی ایسٹ اپنی نگرانی میں تحقیقات کو مؤثر اور مربوط بنائیں۔





