ہنگو میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 8 خوارج ہلاک، 2 افسران سمیت 6 جوان شہید

0
42

ہنگو: خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، تاہم کارروائی کے دوران پاک فوج کے دو افسران سمیت 6 جوان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 20 ستمبر کو ہنگو میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے اور خوارج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ سیکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران دستوں کی قیادت فرنٹ سے کرنے والے دو بہادر افسران نے بھی جام شہادت نوش کیا۔ شہید ہونے والوں میں 23 سالہ کیپٹن ابوذر فاروق اور 22 سالہ لیفٹیننٹ شیراز بابر شامل ہیں، جبکہ کارروائی کے دوران 4 جوان بھی شہید ہوئے۔ اس طرح مجموعی طور پر 2 افسران سمیت 6 اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ علاقے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دیگر خوارج کے خاتمے کیلئے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ وفاقی ایپکس کمیٹی کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ملک میں غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ملک کے دفاع اور قوم کی حفاظت کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں، سیکیورٹی فورسز ملک کے تحفظ کیلئے ہر قیمت پر اپنا فرض ادا کرتی رہیں گی۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے ہنگو میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 8 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور فتنۃ الخوارج کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے کیپٹن ابوذر فاروق، لیفٹیننٹ شیراز بابر اور 4 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ شہید افسران اور جوانوں نے وطن عزیز کے دفاع اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال شجاعت کا مظاہرہ کیا۔ شہدا نے قوم کے مستقبل اور ملکی سلامتی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور پوری قوم اپنے بہادر شہدا کو سلام پیش کرتی ہے۔

شہباز شریف نے شہدا کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک فتنۃ الخوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے آپریشن عزم استحکام کے تحت کارروائیاں پوری قوت سے جاری رکھی جائیں گی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا