وفاقی حکومت نے محرم الحرام کے دوران ملک بھر میں پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز (سی اے ایف) کی تعیناتی کی منظوری دے دی۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت نے اتوار سے شروع ہونے والے ماہ کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے فوج کی تعیناتی کا مطالبہ کیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ فوج کی تعیناتی کی تفصیلات جو غیر معینہ مدت کے لیے نافذ العمل ہوں گی، کو گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور اسلام آباد کی حکومت سمیت متعلقہ حکام کے ساتھ حتمی شکل دی جائے گی۔
مزید برآں نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ مذکورہ تعیناتی کو منسوخ کرنے کی تاریخ کا فیصلہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان باہمی مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پنجاب سمیت صوبائی حکومتوں نے وفاقی حکومت سے انٹرنیٹ پر نفرت انگیز مواد کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو ایک ہفتے کے لیے معطل کرنے کی درخواست کی ہے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی حکومت نے محرم الحرام کے دوران انٹرنیٹ سروس معطل کرنے کا ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا اور اس حوالے سے کوئی بھی فیصلہ صوبوں کی مشاورت سے کیا جائے گا۔






