حافظ آباد: دیرینہ دشمنی پر 3 افراد قتل، گاڑی کو بھی آگ لگا دی گئی
حافظ آباد کے علاقے اسد اللہ پور کے قریب دیرینہ دشمنی کے باعث فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں 3 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے تینوں افراد پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے بعد لاشوں سمیت گاڑی کو بھی آگ لگا دی گئی۔ واردات کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ اہل علاقہ کے مطابق دشمنی کی بنیاد پر یہ دوسرا بڑا واقعہ ہے، گزشتہ روز بھی مخالفین نے فائرنگ کرکے 3 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔
علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے جبکہ ورثاء اور مقامی افراد نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔






