پشاور: کوہاٹ کے علاقے ریگی شینو خیل میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 7 افراد جاں بحق اور 1 زخمی ہوگیا۔ واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے ملزمان کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
کوہاٹ پولیس اور ریسکیو 1122 کے مطابق، ریگی شینو خیل میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 7 افراد موقع پر جاں بحق اور 1 شخص زخمی ہوا۔ ریسکیو 1122 اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور لاشیں اور زخمی کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمی کو بعد میں پشاور کے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ملزمان واقعے کے بعد فرار ہوگئے جن کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
پولیس کے ابتدائی اطلاعات کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد تانڈہ ڈیم سے پکنک منا کر واپس اپنے گاؤں محمدزئی جا رہے تھے کہ راستے میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی۔ یہ تمام افراد دوست تھے۔
جاں بحق ہونے والوں میں شامل ہیں:
31 سالہ عبدالصمد ولد نورالرحمن
25 سالہ ساجد ولد عزیزالرحمن
18 سالہ یوسف ولد محمدعاصم
18 سالہ اشفاق ولد سید عالم
15 سالہ مصطفی ولد محمد عالم
16 سالہ حمزہ ولد ناصر
15 سالہ یاسر ولد صلاح الدین
فائرنگ میں عبدالرزاق ولد نورالرحمن زخمی ہوئے۔ تمام متاثرہ افراد کا تعلق خڑہ گھڑی محمدزئی سے ہے۔






