سندھ میں مون سون کی پیش قدمی: کراچی اور دیگر اضلاع میں شدید بارش کے ساتھ اربن فلڈنگ کا خدشہ

0
249

کراچی: محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ کے زیادہ تر اضلاع میں آج سے بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق طاقتور مون سون ہوائیں سندھ کے بیشتر علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں۔ اس کے تحت جیکب آباد، شکارپور، لاڑکانہ اور قمبر شہداد کوٹ میں آج سے 19 اگست تک بارش کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ کشمور، نوشہرو فیروز، دادو، میرپور خاص، سانگھڑ، خیرپور، شہید بینظیرآباد، حیدرآباد، جامشورو، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہ یار، عمرکوٹ، ٹھٹہ، بدین اور تھرپارکر میں بھی بارش متوقع ہے۔ چند مقامات پر درمیانی سے شدید اور کہیں کہیں موسلا دھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ گڈو اور سکھر بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، جبکہ کوٹری بیراج میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔

حکام نے شہریوں اور کسانوں کو خبردار کیا ہے کہ شدید بارش، آندھی اور بجلی گرنے سے روزمرہ کے معمولات متاثر ہو سکتے ہیں۔ شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ اور نشیبی مقامات پر پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ کسان اپنے زرعی امور موسم کی پیشگوئی کے مطابق ترتیب دیں۔

کراچی میں بارش کی صورتحال

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج مطلع جزوی ابر آلود اور موسم مرطوب رہے گا۔ شہر کے مضافات میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے، اور پیر کو گرج چمک کے ساتھ درمیانی شدت کی بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے مزید کہا کہ منگل کو بھی شہر میں درمیانی اور کہیں موسلا دھار بارش ہو سکتی ہے، اور بارش کا سلسلہ 23 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ شہر میں تیز بارش کے ایک سے دو اسپیل آ سکتے ہیں، جس کے باعث اربن فلڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا