ممبئی: بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں شدید بارشوں کے بعد پیش آنے والے حادثات میں اب تک 7 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی سمیت دیگر شہروں میں بارشیں جاری ہیں اور مقامی انتظامیہ الرٹ پر ہے۔
بارشوں کے باعث سرکاری اور نیم سرکاری دفاتر، اسکول اور کالجز بند ہیں، جبکہ پروازیں اور ریل سروس بھی شدید تاخیر کا شکار ہو چکی ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اب تک 400 سے زائد پروازیں تاخیر کا سامنا کر چکی ہیں۔
مقامی حکام نے ممبئی میں شدید بارش کے پیش نظر ریڈ الرٹ جاری کیا ہے اور آئندہ 48 گھنٹوں میں مزید بارشوں کے امکان کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ شہریوں کو احتیاط کی ہدایت کی گئی ہے اور امدادی ٹیمیں متحرک ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کا فوری نوٹس لیا جا سکے۔






