خیبر پختونخوا کے اضلاع صوابی اور بونیر سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے شدید متاثر ہوئے ہیں، علاقے جگہ جگہ ملبے کے ڈھیروں اور سوگوار فضا کی منظرکشی کر رہے ہیں۔
صوابی میں آنے والے کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 28 ہو گئی ہے، جاں بحق افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جبکہ 20 گھروں کو نقصان پہنچا۔
کمشنر مردان ڈویژن کے مطابق ملبے سے تین لاشیں نکالی گئیں، جبکہ ایک شخص کو زندہ حالت میں نکالنے کے باوجود وہ زخموں کی تاب نہ لا سکا۔ مزید لاپتا افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
صوابی اور بونیر کے متاثرہ علاقوں میں لواحقین شدید غم میں مبتلا ہیں۔ ایک متاثرہ خاندان نے کہا کہ “اپنے گھر کو جنت بنایا تھا، مگر سیلاب نے سب کچھ بہا دیا۔”
یاد رہے کہ خیبر پختونخوا میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے اب تک 350 سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں 228 کا تعلق بونیر سے ہے۔






