اسلام آباد: چیئرمین کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) محمد علی رندھاوا نے واضح کیا ہے کہ اسلام آباد میں فی الحال کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں کرکٹ اور فٹبال کے 25، 25 نئے گراؤنڈز بنائے جائیں گے تاکہ کھیلوں کی سہولت میں اضافہ ہو۔ سی ڈی اے اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے درمیان کرکٹ اسٹیڈیم کے حوالے سے میٹنگ ہو چکی ہے، اور ماہرین کی رائے کے بعد اسٹیڈیم کی ممکنہ لوکیشن کا فیصلہ کیا جائے گا۔
محمد علی رندھاوا نے مزید کہا کہ اسلام آباد کے موجودہ کرکٹ گراؤنڈز کی پچز بین الاقوامی معیار کی نہیں ہیں، انہیں اپگریڈ کرنا ضروری ہے۔ شہر میں مختلف کھیلوں کے گراؤنڈز کے منصوبے تیار ہیں، جبکہ ایف 9 پارک میں گراؤنڈ اپگریڈ کرنے کے لیے راشد لطیف کی معاونت لی گئی ہے۔
واضح رہے کہ پہلے یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ ایف 9 پارک میں نیا اسٹیڈیم بنایا جائے گا، تاہم سی ڈی اے نے بعد ازاں وضاحت جاری کی کہ پارک میں کسی نئے اسٹیڈیم کی تعمیر کا منصوبہ نہیں ہے۔






