خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی میں شدید بارشوں اور کلاؤڈبرسٹ کے نتیجے میں 42 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
صوابی کے گاؤں دالوڑی بالا میں کچھ روز قبل کلاؤڈبرسٹ کے نتیجے میں 17 گھر مکمل طور پر تباہ ہو گئے تھے، جن میں 40 افراد ملبے تلے دب گئے تھے۔ ڈپٹی کمشنر صوابی نصراللہ نے بتایا کہ متاثرہ علاقے میں ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے اور ملبے سے 40 افراد نکالے گئے، جن میں 37 لاشیں اور 3 زخمی شامل ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق سرکوئی پایاں میں بھی کلاؤڈبرسٹ کے باعث 4 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ کرنل شیر ندی کے مقام پر سیلابی ریلے میں بہنے والے نوجوان کی لاش بھی ریسکیو ٹیموں نے نکالی۔
ضلع صوابی میں مجموعی طور پر 42 اموات ہوئی ہیں، دالوڑی بالا میں 17 اور سرکوئی میں ایک گھر مکمل طور پر تباہ ہوا، جبکہ مجموعی طور پر 27 گھر متاثر ہوئے۔ متاثرہ علاقے دالوڑی بالا میں بحالی کا کام جاری ہے۔






