گوجرانوالہ(روزنامہ طلوع)اینٹی کرپشن عدالت نے سابق وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الہی کی دو مقدمات میں عبوری ضمانت 23 مئی تک منظور کر لی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق صدر تحریک انصاف و سابق وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی کے خلاف اینٹی کرپشن گجرات کے اہلکاروں کی مدعیت میں گوجرانوالہ سرکل میں دو مقدمات درج ہیں ، جس میں ضمانت حاصل کرنے کیلئے چودھری پرویز الہی اینٹی کرپشن عدالت میں پیش ہوئے ۔سپیشل جج رانا محمد سلیم کی عدالت سے چودھری پرویز الہی کی عبوری ضمانت 23 مئی تک منظور کر لی گئی ۔
چودھری پرویز الہی نے لاہور ہائی کورٹ سے ان مقدمات میں حفاظتی ضمانت کروائی تھی۔گجرات میں عدالت پیشی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ ایوانوں میں بیٹھے لوگوں کا گراونڈ رئیلٹی سے رابطہ نہیں ہوتا، وہ سمجھتے ہیں ہم مذاکرات بھی کریں گے اور ساتھ انتقامی کاروائیاں بھی۔پرویز الہی کا کہنا تھا کہ جو کچھ ہو رہا ہے میں اور میری قیادت سب سمجھ رہے ہیں، ہم سمجھتے ہیں نگران وزیر اعلی محسن نقوی سراسر جھوٹ کی بنیاد پر ہے، اب کوئی دیر نہیں سپریم کورٹ کا فیصلہ آگیا ہے
، سب کلئیر ہو جائے گا۔تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ خواجہ محمد آصف شریفوں کی ٹھیک ٹھاک خدمت کررہے ہیں ،خواجہ آصف ن لیگ، نواز شریف اور شہباز شریف کی صحیح نمائندگی کر رہے ہیں، انہوں نے اپنا اصل چہرہ دکھایا ہے کہ ہم یہ ہیں اور ہم ججز کو یہ سمجھتے ہیں، ہم چاہتے تھے یہ ایکسپوز ہوں۔مذاکرات کی کامیابی کے سوال پر سابق وزیر اعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں کہ یہ منافقوں کا ٹولہ ہے، یہ حکومت بھی کر رہے ہیں اور اپوزیشن بھی۔






