اسلام آباد: صدر استحکام پاکستان پارٹی اور وفاقی وزیر علیم خان نے کہا ہے کہ نئے ڈیمز کی تعمیر سے ملک میں پانی کے کھربوں روپے کے ضیاع کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔
ایک بیان میں علیم خان نے کالا باغ ڈیم کی تعمیر پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے جذبات کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ ہم ان کی حمایت کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئے ڈیمز، بشمول کالا باغ، تمام صوبوں کی مشاورت اور باہمی اتفاق رائے سے بننے چاہئیں۔
وفاقی وزیر نے زور دیا کہ چاروں صوبائی اسمبلیوں اور وزرائے اعلیٰ کو مل کر نئے ڈیمز کے منصوبے پر کام کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے ڈیمز سے نہ صرف پانی کے ضیاع کو روکا جا سکتا ہے بلکہ مستقبل میں آبی بحران اور سیلاب جیسی قدرتی آفات سے بچاؤ بھی ممکن ہے۔
علیم خان نے کہا کہ سیلاب کسی ایک صوبے کا مسئلہ نہیں بلکہ پورے ملک کا چیلنج بن چکا ہے، اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے سب صوبوں میں چھوٹے ڈیم بھی بنائے جانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو متحد ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ پانی اور قدرتی وسائل کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔






