جنوری 2022 میں جب میرا لیور ٹرانسپلانٹ ہوا تو مجھے اندازہ نہیں تھا کہ میری اگلی زندگی کیسے گزرے گی۔ کہ میں دوبارہ کیمرا اٹھا سکوں گا یا نہیں۔ کیونکہ اکیلی پی ٹی وی کی نوکری سے میرا گھر نہیں چلتا تھا۔ تو میں نے کچھ کاروبار کرنے کیلئے سوچنا شروع کردیا۔میرے ماموں زاد بھائی عثمان شاہ اور علی فراز سے روزانہ ملاقات ہوتی تھی اور وہ اکثر لوبرڈز کا تذکرہ کرتے۔ کہ ہم بریڈ کروا رہے ہیں۔ میں سرجری کے بعد تین ماہ کیلئے لاہو میں ہی تھا بستر پر لیٹا پڑھتا رہتا۔ اس دوران مختلف ویڈیوز لوبرڈ بریڈنگ کے حوالے سے سامنے آئیں۔ ان میں زیادہ تر یاسر خان روکھڑی صاحب اور نوید شیخ صاحب کی ویڈیوز تھیں۔ یاسر خان روکھڑی صاحب مختلف برڈز کی پرافٹ فیزیبلٹی بتاتے تھے اور نوید شیخ صاحب اپنی فتوحات بتاتے تھے۔ پھر پتہ چلا کہ ہماری فیملی میں سے محسن ظفر صاحب اور حامد اسحاق صاحب بھی اس کام کے ماہر ہیں۔ میں اس کام کو سٹڈی کرتا رہا اور جولائی 2022 میں میں نے دو کام شروع کرلیے پہلا آرٹیفیشل جیولری کا آن لائن بزنس تھا جس میں میرے دوست کے بیٹے عثمان ظفر صاحب میرے ساتھ شامل تھے۔ اور دوسرا کام برڈ بریڈنگ کا سیٹ اپ تھا۔ جیولری کا کام تقریباً دو لاکھ نقصان کے ساتھ بند کردیا کچھ ماہ ہی چلا۔ اور برڈ بریڈنگ میں میں نے ہر طرح کے تجربات کیے۔ لوبرڈ میں فشر، کامن لٹینو، پاربلو اوپلائن، البینو ریڈ ائی، کریمینو، ڈیکینو، پیل فیلو اورڈن فیلو تک تمام برڈ بریڈ کروائے۔ جاوا میں تمام قسم کی جاوا بریڈ کروائیں، گولڈین میں بھی مختلف قسم کی گولڈین بریڈ کروائیں۔ فینچز بھی مختلف قسم کی بریڈ کروائیں۔ کاک ٹیل بھی بریڈ کرائے۔ پہلے ایک چھوٹا کمرہ اگلے صحن میں پرندوں کے مطابق بنوایا جسمیں ہوا کے گزرنے کا بہترین انتظام کیا جس میں 24 پئیر باآسانی لگ گئے اور پھر گھر کے پچھلے صحن میں بھی ایک کمرہ بنایا جو کہ ایک بڑے سائز کا کمرہ تھا جس میں 52 پئیر باآسانی لگ جاتے تھے کالونیاں اس کے علاؤہ تھیں الحمدللہ اب میں 100 پیئر باآسانی بریڈ کروانے لگ گیا ۔ پہلا سیزن مناسب رہا ۔ 2023میں بریڈ اور بہتر رہی اور 2024 میں میرے پاس بہت اچھی بریڈ تھی۔ لیکن قیمتیں بہت نیچے آ چکی تھیں۔ جو جوڑا ساٹھ ہزار کا لیا تھا اس کا بچہ چھ سو پر آگیا تھا اور جو چالیس ہزار کا لیا اس کا بچہ پانچ سو تک آگیا تھا۔ پیسے بہت زیادہ لگ چکے تھے اور لگی جارہے تھے۔ میں بلکل بھی نہیں گھبرایا اور دانہ پانی دوائیاں کیمیکلز جاری تھے۔ پنجروں کی صفائی اور ٹرے کی دھلائی کیلئے ایک باجی آتی تھیں۔ خرچہ بہت احتیاط کے باوجود پندرہ سے بیس ہزار تک چلا جاتا تھا۔ مجھے کوئی فرق نہیں پڑ رہا تھا۔ دسمبر 2024 میری دفتر میں مصروفیات مزید بڑھ گئیں اور برڈز کیلئے وقت نکالنا مشکل ہوگیا تھا۔ سب برڈز کیلئے میں نے کسٹمائز پی وی سی کے ڈبے بنوائے جس میں وسیم بھائی نے بہت محبت فرمائی۔ مختلف ایکسپرٹس کے ساتھ رابطے میں رہتا لوبرڈ کے سیمینار بھی اٹینڈ کرتا۔ اور پرندوں کی بریڈنگ پر بہت سی ویڈیوز بھی بنائیں۔ آگست 2025میں مجھے اندازہ ہوا کہ میری بیگم اور ایک بیٹی ایک مشکل کام میں پڑ گئیں ہیں شوق میرا ہے اور محنت وہ کررہی ہیں تو میں نے اس کام کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا اور 6 ستمبر 2025 تین سال اور چند ماہ اس کام کو کیا تقریباً دو ملین سے زیادہ کا نقصان کیا اور الحمدللہ ہنسی خوشی اس کام سے نکل گئے۔ جولائی 2022 سے ستمبر 2025 تک روزانہ کی بنیاد پر برڈز کی قیمتیں کم ہی ہوئیں۔ کچھ دوست ابھی بھی اس کام کے نئے دوستوں کو خواب دکھا رہے ہیں۔ یہ بھی جوئے کی ایک نسل ہے جس میں چند لوگوں نے کروڑوں کمائے اور بہت سو نے لاکھوں گنوائے۔ سنا تھا کہ پیوستہ رہ شجر سے امید بہار رکھ۔ لیکن شجر سے پرندے اڑ چکے ہیں احتیاط سے مزدوری کیجئے۔ شکریہ
(اگر کسی بھی صاحب کی اس مضمون سے دل آزاری ہوئی ہے تو ویڈیو بنانے سے گریز کریں کیونکہ یہ مضمون آپ کیلئے نہیں ہے )






