ملتان: ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ دریائے چناب میں اونچے درجے کا سیلاب ہے جس کے پیش نظر شیر شاہ بند کو بریچ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ سیلاب سے پنجاب کے 26 اضلاع اور 4 ہزار 364 بستیاں متاثر ہو چکی ہیں اور سدرن بیلٹ میں جاری بارشیں ریسکیو آپریشن میں مشکلات پیدا کر رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ گجرات میں اربن فلڈنگ، جلال پور پیر والہ میں انخلا اور دیگر علاقوں میں شدید بارشیں جاری ہیں۔ آج ملتان، لاہور اور فیصل آباد میں بھی تیز بارشیں ہوئی ہیں اور ہیڈ سیلمانکی سے ایک لاکھ 37 ہزار کیوسک پانی چل رہا ہے۔ پنجاب کے 26 اضلاع اس سیلاب سے متاثر ہو چکے ہیں اور مائی صفورا بریچ پر ایک لاکھ 83 ہزار کیوسک پانی نکالا گیا۔
عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ خیمہ بستیوں میں موجود لوگوں کو تین وقت کھانا فراہم کیا جا رہا ہے، جلال پور پیر والہ سے 3,600 افراد کو ایک روز میں نکالا گیا، اور 15 لاکھ سے زائد جانور محفوظ مقامات پر منتقل کیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پاک نیوی بھی ریسکیو آپریشن میں مدد کر رہی ہے، خیموں اور امدادی سامان کی کمی نہیں ہے، اور پنجاب میں اب تک 61 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ بریچنگ میں تکنیکی فیصلے مدنظر رکھے گئے اور ملتان اگلے 48 گھنٹوں میں سٹریس میں رہے گا۔





