نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں شدید اور وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔
پنجاب میں گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور، فیصل آباد، ملتان، لیہ، خانیوال، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان اور رحیم یار خان سمیت کئی اضلاع متاثر ہو سکتے ہیں، نشیبی علاقوں میں سیلاب اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
سندھ کے جنوبی اضلاع بشمول کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ اور میرپور خاص میں طوفانی بارش متوقع ہے، جبکہ بالائی و وسطی اضلاع میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
بلوچستان کے ژوب، لورالائی، سبی، ڈیرہ بگٹی، سوئی اور لسبیلہ میں آندھی طوفان کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ این ڈی ایم اے نے عوام سے احتیاط کی ہدایت کی ہے۔





