لاہور: لاہور ہائی کورٹ کے تین رکنی فل بنچ نے سابق رکن اسمبلی جمشید دستی کی نااہلی کے خلاف دائر چار مختلف درخواستوں پر سماعت 16 ستمبر تک ملتوی کر دی۔
چیف جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں بننے والے بنچ میں جسٹس حسن نواز مخدوم اور جسٹس خالد اسحاق بھی شامل تھے۔ سماعت کے دوران عدالت نے اٹارنی جنرل آف پاکستان کو ذاتی حیثیت میں طلب کر کے تحریری دلائل دینے کی ہدایت کی۔
فل بنچ نے اٹارنی جنرل کی عدم پیشی پر برہمی کا اظہار کیا۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نصر احمد نے جواب داخل کرانے کے لیے مزید مہلت مانگی، جس پر عدالت نے سخت نوٹس لیا۔
عدالت نے اسپیکر قومی اسمبلی اور الیکشن کمیشن کے وکیل کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا اور ہدایت دی کہ آئندہ سماعت سے کیس روزانہ کی بنیاد پر چلایا جائے گا۔
واضح رہے کہ این اے 175 مظفر گڑھ کے انتخابی شیڈول کو عدالت پہلے ہی معطل کر چکی ہے، جبکہ درخواست میں الیکشن کمیشن کے فیصلے اور عدالت کے دائرہ اختیار کو چیلنج کیا گیا ہے۔






