کراچی: وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حکومت سندھ بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر متحرک ہے، اگر مزید بارشیں نہ ہوئیں تو چند گھنٹوں میں حالات معمول پر آ جائیں گے۔
اپنے بیان میں انہوں نے بتایا کہ حالیہ بارشوں اور دریاؤں میں پانی کے اضافے کے باعث بڑے پیمانے پر ریسکیو اور ریلیف آپریشنز جاری ہیں۔ ڈیم بھرنے اور شدید بارش کے نتیجے میں لیاری اور ملیر ندی میں طغیانی آئی، جبکہ سمندر میں اونچی لہروں کی وجہ سے پانی کے اخراج میں تاخیر ہوئی۔
وزیر اطلاعات کے مطابق 24 سے 48 گھنٹوں میں بارش کے نئے اسپیل کی پیش گوئی ہے، جس کے پیش نظر حکومت سندھ اور کراچی میونسپل کارپوریشن سمیت تمام ادارے الرٹ ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کچے کے علاقوں سے 4,881 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے، جب کہ اب تک مجموعی طور پر 1,46,492 افراد کو ریلیف کیمپوں تک پہنچایا جا چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کے قائم کردہ 163 فکسڈ اور موبائل ہیلتھ سینٹرز کے ذریعے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 5,296 افراد کو طبی امداد فراہم کی گئی، اس طرح اب تک 55,336 افراد کو طبی سہولیات دی جا چکی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 11,078 مویشیوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، جبکہ مجموعی طور پر 4,00,018 مویشی محفوظ مقامات تک پہنچا دیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ 58,166 مویشیوں کو ویکسین اور علاج فراہم کیا گیا ہے اور اب تک 10,32,991 مویشیوں کی ویکسینیشن اور علاج مکمل ہو چکا ہے۔






