مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 ممکنہ طور پر 7 فروری سے 8 مارچ تک بھارت اور سری لنکا میں مشترکہ طور پر منعقد ہوگا۔
ذرائع کے مطابق اس ایونٹ میں 20 ٹیمیں حصہ لیں گی، جن کے مقابلے بھارت کے پانچ اور سری لنکا کے دو وینیوز پر ہوں گے۔ فائنل میچ بھارتی شہر احمدآباد میں شیڈول ہے، تاہم پاکستان کے فائنل میں پہنچنے کی صورت میں میچ کولمبو میں کھیلا جائے گا۔
آئی سی سی نے شیڈول فائنل کر کے تمام شریک ممالک کو آگاہ کر دیا ہے۔ اب تک 15 ٹیموں کی شرکت یقینی ہو چکی ہے، جن میں میزبان بھارت اور سری لنکا کے ساتھ پاکستان، افغانستان، آسٹریلیا، بنگلا دیش، انگلینڈ، جنوبی افریقہ، امریکہ، ویسٹ انڈیز، نیوزی لینڈ، آئرلینڈ، کینیڈا، نیدرلینڈز اور اٹلی شامل ہیں۔
دیگر پانچ ٹیموں میں سے تین کا انتخاب ایشیا اور دو کا ایسٹ ایشیا پیسیفک کوالیفائر کے ذریعے ہوگا۔ یہ ایونٹ 2026 میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا سب سے بڑا میگا ایونٹ ہوگا۔






