پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے مزدوروں کے لیے نئی کم از کم اجرتوں کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جو یکم جولائی 2025 سے نافذ العمل ہوگا۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق یہ اجرت غیر ہنر مند، بالغ، نوعمر اور نو عمر مزدوروں پر لاگو ہوگی۔ یومیہ اجرت 1,538 روپے 46 پیسے جبکہ ماہانہ کم از کم اجرت 40,000 روپے مقرر کی گئی ہے۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ رقم کسی صورت زیادہ سے زیادہ اجرت نہیں، بلکہ مالکان ہنر یا تجربہ رکھنے والے مزدوروں کو اضافی اجرت دینے کے مجاز ہوں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یہ قانون کنٹریکٹ پر کام کرنے والے مزدوروں پر بھی لاگو ہوگا اور تمام صنعتی و تجارتی ادارے اس نئی پالیسی پر عملدرآمد کے پابند ہیں۔ خواتین اور خواجہ سراء مزدوروں کو بھی مردوں کے برابر اجرت دی جائے گی۔
یہ فیصلہ خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے مزدوروں کے حقوق کے تحفظ اور معاشی بہتری کے لیے ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔






