اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے عدالتی فیسوں اور سکیورٹیز میں اضافے سے متعلق نئے قواعد کو معطل کر دیا ہے اور اس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سپریم کورٹ رولز 2025 کے تحت نافذ کیے گئے عدالتی فیسوں میں اضافے کے قواعد معطل ہو گئے ہیں، اور اب عدالتی فیسیں صرف سپریم کورٹ رولز 1980 کے مطابق واجب الادا ہوں گی۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ 1980 کے قواعد کے تحت عدالتی فیسوں اور سکیورٹیز کے پرانے نرخ بحال کر دیے گئے ہیں۔
چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت فل کورٹ اجلاس میں عدالتی فیسوں اور سکیورٹیز میں اضافے کے رولز کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
قانونی ماہرین کے مطابق اس فیصلے سے وکلاء اور سائلین کو وقتی طور پر ریلیف حاصل ہوگا، جبکہ عدالتی اصلاحات سے متعلق مستقبل میں مزید مشاورت متوقع ہے۔






