قطر کے دارالحکومت دوحہ میں اسرائیل کے فضائی حملے میں شہید ہونے والے حماس رہنما اور اہلکاروں کی نماز جنازہ دوحہ کی مرکزی جامع مسجد میں ادا کی گئی۔ اس میں امیرِ قطر، حکومتی شخصیات، متاثرہ خاندان اور بڑی تعداد میں شہری شریک ہوئے۔
شہداء میں حماس کے رہنما الخلیل الحیا کے بیٹے ھمام، دفتر کے انچارج جہاد لبد اور تین باڈی گارڈز شامل تھے، جبکہ قطری سیکیورٹی اہلکار سعد محمد الحمیدی بھی شہید ہوئے۔ جنازہ کے بعد شہریوں نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف نعرے لگائے اور غزہ کے مظلوموں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔
قطری حکومت نے متاثرہ خاندانوں کو مالی امداد اور مکمل تعاون فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ شہداء کو مقامی قبرستانوں میں فلسطینی اور قطری پرچم کے ساتھ دفن کیا گیا۔






