عمان کے ساحل کے قریب پیش آنے والے ایک دلخراش حادثے میں 19 پاکستانی سمندر کی لہروں کی نذر ہوگئے، جب کہ صرف ایک خوش قسمت نوجوان کو زندہ نکالا جا سکا۔
ایف آئی اے کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق یہ کشتی 7 ستمبر کو طوفان کی لپیٹ میں آکر تباہ ہوئی۔ حادثے کے دوران کشتی میں نصب گیس سلنڈر پھٹ گیا جس سے آگ بھڑک اٹھی اور مسافروں کو سمندر میں کودنا پڑا۔
گوادر سے ایران کے راستے عمان جانے والی اس کشتی پر 20 پاکستانی سوار تھے۔ بچ جانے والے حامد اللہ خان کو ایک بحری جہاز نے ریسکیو کیا، جسے عمانی حکام نے حراست میں لے لیا ہے۔ پاکستانی سفارتخانہ اس کی وطن واپسی کے لیے سرگرم ہے۔
حادثے میں لاپتا افراد میں سے 11 کی شناخت ظاہر کردی گئی ہے جب کہ باقی کے بارے میں تفصیلات کے لیے پاکستانی مشن عمانی حکام سے مسلسل رابطے میں ہے۔
وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تفصیلات جلد سامنے لائی جائیں گی۔






