کراچی: سٹی کورٹ میں ایم اے جناح روڈ پر پٹاخوں کے گودام میں دھماکے کے معاملے پر جاں بحق نوجوان کی والدہ نے فیکٹری اور گودام مالکان کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا۔
درخواست گزار کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ کے مطابق فیکٹری مالکان اور سندھ حکومت کے خلاف جان لیوا حادثات ایکٹ کے تحت درخواست دائر کی گئی ہے، جس میں 5 کروڑ 37 لاکھ روپے ہرجانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ 21 اگست کو ایم اے جناح روڈ پر قائم غیر قانونی پٹاخوں کے گودام میں دھماکے کے نتیجے میں 16 سالہ سید اسد شاہ جاں بحق جبکہ سید اظفر شاہ شدید زخمی ہوا۔
وکیل نے کہا کہ فیکٹری اور گودام مالکان کی غفلت کے باعث قیمتی جان ضائع ہوئی، مقدمہ درج ہونے کے باوجود فیکٹری کو اب تک منتقل نہیں کیا گیا۔






