لاہور: الخدمت فاؤنڈیشن کے تعاون سے این ڈی ایم اے کی زیر نگرانی اہلِ فلسطین کے لیے مزید امدادی سامان روانہ کردیا گیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر بتایا گیا کہ 100 ٹن سامان پر مشتمل یہ کھیپ خصوصی پرواز کے ذریعے غزہ روانہ کی گئی ہے، جس میں آٹا، چاول، کوکنگ آئل، چنے، ڈبہ بند کھانے اور دیگر ضروری اشیا شامل ہیں۔ یہ مجموعی طور پر 22ویں کھیپ ہے جس کے بعد اب تک بھیجی گئی امداد کا وزن 2127 ٹن ہو چکا ہے۔
تقریب سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ پاکستانیوں کے دل فلسطینی عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں، غزہ کے معصوم شہریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم نے ہر حساس دل کو مضطرب کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ امداد اہلِ پاکستان کی طرف سے محبت اور یکجہتی کا پیغام ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے امدادی سامان کی بروقت ترسیل یقینی بنانے پر این ڈی ایم اے اور فلاحی اداروں کی کوششوں کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں اہل فلسطین کے ساتھ کھڑا ہے۔





