لاہور ہائی کورٹ نے کم عمر بچوں کے فیس بک اور ٹک ٹاک استعمال پر پابندی کے لیے دائر درخواست پر پی ٹی اے سمیت دیگر کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا۔
چیف جسٹس عالیہ نیلم نے شہری اعظم بٹ کی درخواست پر سماعت کی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ بچے سوشل میڈیا پر نامناسب مواد دیکھتے ہیں جس سے ان کی تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ سوشل میڈیا میں نظام موجود ہے جو بچوں کی رسائی محدود کر سکتا ہے اور والدین بھی بچوں کے اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک بھی والدین اسی طرح کی نگرانی کرتے ہیں۔
سرکاری وکیل نے کہا کہ درخواست میں فریق غلط بنایا گیا ہے اور حکومت پاکستان کو فریق بنایا جانا چاہیے۔ عدالت نے ہدایت دی کہ پی ٹی اے سے رابطہ کر کے عدالت کو آگاہ کیا جائے۔ سماعت بعد میں ملتوی کر دی گئی۔





