اسلام آباد(طلوع نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنماء شہریار آفریدی کی اہلیہ کو رہا کرنے کا حکم دیدیا۔ خاتون کو بیان حلفی جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی رہنماء شہریار آفریدی کی اہلیہ کی گرفتاری کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی، عدالت نے پوچھا کہ آئی جی صاحب آپ کی حدود میں کیا ہورہا ہے قانون سے واقف ہیں یا نہیں؟۔ آئی جی اسلام آباد نے جوا دیا کہ ہماری اطلاع کے مطابق یہ خاتون اور ان کا شوہر جی ایچ کیو حملے کی منصوبہ بندی میں شامل تھے۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا کہ کون سی سورس انفارمیشن ہے آپ کے پاس دکھائیں؟، ڈی سی صاحب کو فوری بلائیں، 5 منٹ میں پیش نہ ہوئے تو مسئلہ ہوگا، جو کچھ آپ دکھا رہے ہیں اس میں تو خاتون کیخلاف کچھ نہیں ہے۔جسٹس ارباب کا کہنا تھا کہ ایک چیز یاد رکھیں ہماری عدالت سے رہائی کے بعد کسی کو گرفتار کیا گیا تو بہت مسئلہ ہوگا،
کیا سورس انفارمیشن کی بنیاد پر سولہ ایم پی او لگایا جا سکتا ہے؟، ہماری عدالت کے حکم کی خلاف ورزی ہوئی تو سخت نتائج ہوں گے، آپ قانونی کارروائی کریں لیکن یہ کیا کہ آپ نے گھریلو خاتون کو ہی گرفتار کرلیا۔






