اسلام آباد: پاکستان پوسٹ اور روس پوسٹ کے درمیان واجبات کے تنازعے کے باعث دونوں ممالک کے لیے ڈاک خدمات معطل کر دی گئیں۔ روس پوسٹ نے ایک ہفتہ قبل پاکستان کے لیے تمام اقسام کی ڈاک ترسیل بند کی تھی، جس کے جواب میں پاکستان پوسٹ نے بھی روس کے لیے خطوط اور پارسل کی بکنگ بند کر دی ہے۔
پاکستان پوسٹ کے ڈائریکٹر انٹرنل پوسٹ سروسز نور الصباح نے ملک بھر کے ڈاک خانوں کو سرکلر جاری کرتے ہوئے روس کے لیے تمام ڈاک اور پارسل کی ترسیل روکنے کا حکم دیا۔
سرکلر میں بتایا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان ڈاک ترسیل بحال کرنے کے اقدامات اور مسائل حل کرنے کی کوششیں جاری ہیں، تاہم تین سال سے روس پوسٹ کے واجبات کی ادائیگی نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان نے یہ اقدام اٹھایا۔





