کوٹری: ملک میں ٹرین حادثات کا سلسلہ نہ رک سکا، لاہور سے کراچی جانے والی 38 ڈاؤن فرید ایکسپریس کوٹری ریلوے جنکشن کے پلیٹ فارم نمبر دو پر داخل ہوتے ہی ڈی ریل ہوگئی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے میں کسی مسافر کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی، تاہم واقعے کے باعث ڈاؤن ٹریک پر ٹرینوں کی آمد و رفت معطل ہوگئی۔
بوگیوں کو بحال کرنے کے لیے ریلوے عملہ اور کرین موقع پر طلب کر لی گئی ہے جبکہ متاثرہ بوگیوں کے مسافروں کو دیگر بوگیوں میں منتقل کر کے سفر جاری رکھنے کا انتظام کیا جا رہا ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق ٹریک کی بحالی میں پانچ سے زائد گھنٹے لگ سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ 22 ستمبر کو بھی کراچی سے یوسف والا جانے والی مال بردار ٹرین کی 13 بوگیاں میٹنگ اسٹیشن کے قریب پٹڑی سے اتر گئی تھیں جس سے اپ ٹریک بری طرح متاثر ہوا تھا۔





