وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ خطے میں امن کے مستقل قیام کے لیے مذاکرات اور جرگوں کا راستہ اپنانا ضروری ہے۔ پشاور میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ سے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور امن و امان کی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ برطانوی ہائی کمشنر نے صوبے میں سیڈ اور ایس این جی پروگرامز کے بعد ایک نیا پروگرام شروع کرنے کا عندیہ بھی دیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ جب تک افغانستان میں حالات بہتر نہیں ہوں گے، خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں، افغان مہاجرین کی باعزت واپسی چاہتے ہیں اور اس سلسلے میں صوبائی حکومت ہر ممکن سہولت فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت معاشی ترقی اور خصوصاً ضم شدہ اضلاع میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر توجہ دے رہی ہے، جبکہ شفافیت اور بہتر منصوبہ بندی کے لیے سرکاری امور کی ڈیجیٹائزیشن پر بھی کام جاری ہے۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ برطانوی تعاون سے جاری عوامی فلاحی منصوبے قابل قدر ہیں اور صوبائی حکومت ان پروگرامز کے تسلسل اور وسعت کی خواہاں ہے تاکہ کلائمیٹ چینج کے اثرات سے نمٹنے اور تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی بحالی کو تیز کیا جا سکے۔






