پنجاب حکومت کی درخواست پر وفاقی حکومت نے صوبے میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے پاک فوج کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔
باضابطہ احکامات صوبائی حکومت کو ارسال کر دیے گئے ہیں، جن کے تحت فوج کی خدمات صوبے کے 27 اضلاع میں نقصانات کے سروے کے لیے حاصل کی گئی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق پاک فوج مشترکہ ٹیموں کے ہمراہ نقصانات کے تخمینے کے عمل میں حصہ لے گی۔ یہ سروے انسانی جانوں کے ضیاع، املاک کی تباہی، فصلوں اور مویشیوں کے نقصان کے ساتھ ساتھ انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے اثرات کا تفصیلی جائزہ لے گا۔
یاد رہے کہ حالیہ سیلاب میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا ہے جس کے بعد ایک جامع سروے ناگزیر سمجھا جا رہا تھا۔ وفاقی حکومت نے آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت فوج کی تعیناتی کا فیصلہ کیا۔
سیلاب کے دوران پاک فوج اور دیگر اداروں نے بروقت ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے ہزاروں متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔






