نیویارک نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ موجودہ عالمی مالیاتی نظام نے دنیا میں عدم مساوات میں اضافہ کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ میں منعقدہ پائیدار، شمولیتی اور مستحکم معیشت پر پہلی دو سالہ سربراہی کانفرنس میں شرکت کی۔
اپنے خطاب میں وزیر خارجہ نے ترقی پذیر ممالک پر بڑھتے ہوئے قرضوں کے بوجھ، پائیدار ترقی اہداف کے مالیاتی خلا اور تیزی سے بڑھتے ماحولیاتی بحران پر تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے قرضوں کے بحران کے حل کے لیے فیصلہ کن اصلاحات اور ترقی و ماحولیاتی فنانسنگ میں نمایاں اضافے کا مطالبہ کیا، ساتھ ہی جامع اور منصفانہ عالمی معاشی نظام کی تشکیل پر زور دیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات طے ہے، وقت کی تصدیق بعد میں کی جائے گی۔