واشنگٹن: وزیراعظم شہباز شریف آج امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کریں گے، جس میں عالمی اور علاقائی معاملات پر تفصیلی گفتگو متوقع ہے۔ ملاقات میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کے شرکت کا امکان ہے۔
قبل ازیں وزیراعظم نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ آج مشترکہ اعلامیے کے عملی نفاذ اور فلسطین و کشمیر سمیت دیگر ایشوز پر بات ہوگی۔ انہوں نے پاکستان کی افواج کی کامیابیوں کو معرکہ حق قرار دیا اور بھارت کے خلاف فوجی کارکردگی کو سراہا۔
نیویارک میں اسلامی ممالک کے رہنماؤں کے اجلاس کے موقع پر وزیراعظم نے امیر قطر، اردن کے بادشاہ اور انڈونیشیا کے صدر سے ملاقات کی اور غزہ میں جنگ بندی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
اس کے علاوہ وزیراعظم شہباز شریف نے چین کے وزیراعظم، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، آسٹریا کے چانسلر، کویت کے ولی عہد اور سری لنکا کے صدر سے بھی ملاقاتیں کیں، جس میں دوطرفہ تعلقات اور تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔






