پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ 2022ء کے بعد اپنائی گئی پالیسیوں کی وجہ سے حالات بگڑ رہے ہیں اور اسی کے خلاف کل پشاور میں جلسہ ہوگا۔
جلسے کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے سلمان اکرم راجا کے ہمراہ اسد قیصر اور جنید اکبر بھی جلسہ گاہ پہنچے۔ پریس کانفرنس سے خطاب میں سلمان اکرم راجا نے کہا کہ عمران خان کی کال پر ہونے والا جلسہ ناانصافی اور بربریت کے خلاف احتجاج ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف دہشتگردی کے خلاف ہے اور دہشتگردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔
پی ٹی آئی رہنما نے تیراہ واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم پیکا ایکٹ کے تحت صحافیوں کو بھیجے گئے نوٹسز کی مذمت کرتے ہیں۔ عدلیہ محکوم ہے جبکہ تحریک انصاف کا مقصد صرف آئین اور قانون کی حکمرانی ہے۔
اس موقع پر اسد قیصر نے کہا کہ کل کا جلسہ عمران خان کی رہائی کے لیے ہوگا۔ ہم امن کی بات کرتے ہیں لیکن اس خطے کو ایک بار پھر جنگ کی طرف دھکیلا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر نئی جنگ ہوئی تو قوم اس کا حصہ نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں 21 آپریشن کیے گئے لیکن امن قائم نہ ہوسکا۔ روس کی آمد سے صوبے کی معیشت تباہ ہوئی اور کلاشنکوف کلچر کو فروغ ملا۔
پی ٹی آئی رہنما جنید اکبر نے کہا کہ ہمیں پنجاب میں فسطائیت کا سامنا ہے، لیکن کل کا جلسہ ثابت کرے گا کہ قوم تحریک انصاف کے ساتھ کھڑی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اصل حاکمیت عوام کے ووٹ سے ہے اور اسی کے ذریعے فیصلے ہوں گے۔






