لاہور آئیں آپ کو دکھاتے ہیں پنجاب میں کیا ہو رہا ہے، عظمیٰ بخاری کی شرجیل میمن کو دعوت

0
329

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن کو لاہور آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئیں ہم آپ کو دکھاتے ہیں کہ پنجاب میں کیا ہو رہا ہے۔

سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ نے شرجیل میمن کو لاہور کے دورے کی دعوت دے دی۔ انہوں نے کہا کہ آپ لاہور آئیں، آپ کو دکھاتے ہیں پنجاب میں کیا کام ہو رہا ہے تاکہ آپ بھی سیکھ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ کل پنجاب کی پنک اسکوٹیز کو آپ نے سالوں بعد دہرا کر اچھا کیا۔ ہمیں آپ کی اپیلوں سے اعتراض نہیں، آپ دن رات وفاق کو مشورے دیں لیکن اس میں کوئی حکمت تو ہو۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب حکومت نے 2024ء میں کسانوں کو 55 ارب کا ریلیف دیا۔ 2025 میں پنجاب حکومت نے کسانوں کو 98 ارب کا ریلیف دیا ہے۔ رواں مالی سال کا زراعت کا بجٹ 129.8 ارب روپے ہے۔ کسان کارڈ پر کسان بھائی 60 ارب سے زائد کی خریداری کرچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے گزشتہ سال کسانوں کو 9 ہزار 500 ٹریکٹر دیے، اس سال بھی 9 ہزار 500 ٹریکٹر دینے جا رہی ہیں۔ مریم نواز نے چند ماہ قبل گندم پر کاشتکاروں کو 14 ارب روپے کا سپورٹ پروگرام دیا۔ پنجاب کے کسانوں اور گندم پر دکھ کا اظہار کرنے سے پہلے سندھ اپنی گندم کی طلب پوری کرلے۔ پنجاب میں گندم کی کھپت سندھ سے ڈھائی گنا زیادہ ہے۔ یہاں پیداوار 22.05 ملین میٹرک ٹن ہے، جب کہ سندھ میں گندم کی پیداوار صرف 3.54 ملین میٹرک ٹن ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب گندم میں 6.63+ ملین میٹرک ٹن سرپلس ہے اور سندھ کو 3.19 ملین ٹن خسارے کا سامنا ہے۔ پنجاب میں گندم ضرورت سے زیادہ پیدا ہوتی ہے، سندھ کو شدید کمی کا سامنا ہے۔ پنجاب گندم پیدا کرنے والا سب سے بڑا صوبہ ہے، باقی صوبوں کی ضرورت بھی پوری کرتا ہے۔ سندھ اپنی آبادی کی ضرورت کے مطابق گندم پیدا نہیں کر پاتا، اسی لیے دوسری جگہوں سے سپلائی درکار ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کل تک آپ سمیت آپ کی پوری جماعت سیلاب پر سیاست کر رہے تھے۔ اچھی بات ہے اگر آج آپ نے سیلاب پر سیاست کرنے سے ہاتھ کھینچ لیا۔ سیلاب سندھ میں بھی آیا، وہاں متاثرین کو کیا ریلیف دے رہے ہیں وہ قوم کو بتائیں۔ مریم نواز پنجاب میں سیلاب متاثرین کو ریلیف دے رہی ہیں، اس کی تکلیف سندھ حکومت کو کیوں ہو رہی ہے؟

جن کی کارکردگی بتانے لائق نہیں، وہ سیاسی دکان بند کریں۔

قبل ازیں اپنے بیان میں صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز نے کل پوری قوم کے سامنے پنجاب کا مقدمہ پوری طاقت سے لڑا ہے۔ پنجاب اور سیلاب متاثرین پر کسی کو سیاست کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ جو سیلاب متاثرین کے لیے عملی طور پر کچھ کر نہیں سکتے وہ غیر ضروری زبان درازی بھی مت کریں۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام نے مریم نواز کو مینڈیٹ دیا ہے، وہ پنجاب کا تحفظ بھی کرنا جانتی ہیں۔ سیاست کرنے کے لیے اور بہت ایشوز ہیں، سیلاب کے نام پر سیاسی دکانیں بند کریں۔ جو سیلاب متاثرین کے لیے کام کر رہے ہیں، ان کو کام کرنے دیں۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز اور ان کی ٹیم ہمیشہ اپنی کارکردگی عوام کو بتاتے ہیں۔ مخالفین مریم نواز کے فلاحی کاموں پر پوائنٹ اسکورنگ کرکے خبروں میں جگہ بناتے ہیں۔ جن کی اپنی کارکردگی بتانے لائق نہ ہو وہ دوسروں کے اچھے کاموں میں کیڑے تلاش کرتے ہیں۔ مریم نواز نے پنجاب میں میرٹ، گڈ گورننس اور شفافیت کی مثال قائم کی ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا