پنجاب فوڈ اتھارٹی نے لاہور میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے مردہ مرغیوں کی مارکیٹ میں سپلائی ناکام بنا دی۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید کے مطابق جیون پورہ میں پک اپ کی چیکنگ کے دوران 300 کلو مردہ مرغیاں برآمد ہوئیں۔ جعلسازی کے اس گھناؤنے دھندے میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا گیا۔
مرغیوں کو بوریوں میں چھپا کر لے جایا جا رہا تھا، جبکہ سپلائر کے پاس کوئی لازمی ریکارڈ یا دستاویزات موجود نہیں تھیں۔ موقع پر موجود ویٹرنری اسپیشلسٹ نے تفصیلی معائنہ کرکے مرغیوں کو مضر صحت قرار دیا۔ حکام کے مطابق مردہ مرغیوں کا گوشت تیار کر کے مارکیٹ میں فروخت کیا جانا تھا۔
خفیہ اطلاع پر بروقت کارروائی کرنے والی ٹیم نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ بیمار اور ناقص گوشت شہریوں کو موذی امراض میں مبتلا کرسکتا ہے۔ زیادہ منافع کے لالچ میں جعل ساز خوراک کے بجائے بیماری فروخت کرتے ہیں۔
عاصم جاوید نے شہریوں کو ہدایت کی کہ مرغی ہمیشہ اپنی موجودگی میں ذبح کروائیں اور پہلے سے تیار گوشت خریدنے سے گریز کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مستقل چیکنگ کر رہی ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ صحت دشمن عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ شہری پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر جعل ساز مافیا کی اطلاع دیں۔





