پاکستان تحریک انصاف پشاور کے صدر عرفان سلیم نے کہا ہے کہ کل کے جلسے میں جو کچھ ہوا وہ عوامی ردعمل نہیں بلکہ ’’جمہور کی آواز‘‘ ہے، اسے سنیے اور سمجھیے کیونکہ عوام اب بھی بانی پی ٹی آئی کے بیانیے پر قائم ہیں۔
یہ بیان گزشتہ روز پشاور میں منعقدہ جلسے میں اسٹیج کی جانب کارکنوں کی جانب سے بوتلیں پھینکنے اور نعرے بازی کے واقعے کے بعد سامنے آیا۔ عرفان سلیم نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عوام آپ سے بانی پی ٹی آئی کی اصل پالیسی اور بیانیے پر عمل درآمد چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر میری 15 ستمبر کی گزارشات پر عمل کیا جاتا تو آج یہ منظر نہ دیکھنے کو ملتا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ انہی گراؤنڈز پر دوبارہ جلسہ رکھا جائے تو عوام کا رویہ بالکل مختلف ہوگا۔
عرفان سلیم کا مزید کہنا تھا کہ یہ جمہور بانی پی ٹی آئی کی آواز سنتی اور ان کے بیانیے کو مانتی ہے۔ ان کے بقول: ’’مزاحمت میں زندگی ہے اور مفاہمت میں شرمندگی ہے۔‘‘






