وفاقی وزیر اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا امیر مقام نے کہا ہے کہ ملک اور صوبے کی خدمت ہماری اولین ترجیح ہے اور وفاقی حکومت سیلاب زدگان کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف خود سیلاب کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کی نگرانی کر رہے ہیں۔
چارسدہ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ نوجوانوں کا جوش و جذبہ خوش آئند ہے اور ہم انسانیت سے محبت اور عوامی خدمت کے جذبے کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چند لوگ محض پروپیگنڈے میں مصروف ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن) کا ایجنڈا ملک و قوم کی ترقی اور فلاح و بہبود ہے۔ جلد خیبر پختونخوا میں بھی تبدیلی آئے گی اور ترقی کا نیا دور شروع ہوگا۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں سیلاب زدگان اکیلے نہیں ہیں اور وفاقی حکومت ہر ممکن مدد فراہم کر رہی ہے۔






