راولپنڈی ہائی کورٹ کے ڈویژن بنچ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ویڈیو لنک ٹرائل کے خلاف درخواست پر حکم امتناع دینے سے انکار کر دیا۔
جسٹس صداقت علی خان اور جسٹس وحید خان پر مشتمل بنچ نے کیس کی سماعت کی، جہاں عمران خان کے وکلا سلمان اکرم راجہ اور فیصل ملک پیش ہوئے۔ عدالت نے پٹیشن کو سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور چیف سیکرٹری پنجاب کو نوٹس جاری کر دیا۔
سماعت کے دوران وکیل سلمان اکرم راجہ نے مؤقف اپنایا کہ ویڈیو لنک ٹرائل خاص طور پر ایک شخص کو ٹارگٹ کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ اس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ جواب آنے دیں، پھر دیکھا جائے گا، فی الحال ٹرائل روکنا ممکن نہیں کیونکہ ویڈیو لنک کا قانون موجود ہے۔
عدالت نے چیف سیکرٹری پنجاب کو 6 اکتوبر تک جواب جمع کرانے کی ہدایت دی۔
یاد رہے کہ عمران خان کے ویڈیو لنک ٹرائل سے متعلق نوٹیفکیشن 24 ستمبر کو دوبارہ چیلنج کیا گیا تھا۔






