ایشیا کپ اور خصوصاً فائنل میں بدترین کارکردگی کے بعد سینیٹ میں قومی کرکٹ ٹیم پر پابندی لگانے کا مطالبہ سامنے آگیا۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ اجلاس میں عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹر ایمل ولی خان نے قومی ٹیم کی کارکردگی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں نے ملک و قوم کی بےعزتی کروائی ہے، اس لیے تمام کھلاڑیوں پر فی الفور پابندی عائد کی جانی چاہیے۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ 2025 میں پاکستان کا بھارت سے تین بار مقابلہ ہوا اور تینوں میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ فائنل میں بھی پاکستان ایک موقع پر فتح کے قریب تھا لیکن آخری چار اوورز میں غلط بولنگ فیصلوں کے باعث بھارتی بلے بازوں نے میچ پلٹ دیا۔ بھارت نے 147 رنز کا ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر دو گیندیں پہلے حاصل کر کے ٹائٹل اپنے نام کیا۔
اس شکست کے بعد شائقین کرکٹ نے قومی ٹیم، چیئرمین پی سی بی، مینجمنٹ، کپتان اور خاص طور پر وہاب ریاض کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا، جنہوں نے فائنل میں سب سے زیادہ رنز دیے تھے۔






