لندن کے ٹیویسٹاک اسکوائر میں مہاتما گاندھی کے مجسمے پر نامعلوم افراد نے مودی اور بھارت مخالف نعرے پینٹ کر دیے۔ یہ واقعہ گاندھی کے 156 ویں یوم پیدائش اور اقوامِ متحدہ کے ’یومِ عدم تشدد‘ کی تقریبات سے چند دن قبل پیش آیا۔ بھارتی ہائی کمیشن نے فوری کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے اسے شرمناک عمل اور عدم تشدد کے فلسفے پر حملہ قرار دیا۔ سوشل میڈیا پر جاری تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مجسمے کے چبوترے پر ’دہشتگرد‘، ’گاندھی‘، ’مودی‘ اور ’ہندوستانی‘ کے الفاظ لکھے گئے ہیں۔
میٹروپولیٹن پولیس نے کہا ہے کہ وہ واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے اور اسے ’نسلی تعصب پر مبنی‘ جرم کے طور پر دیکھ رہی ہے، تاہم اب تک کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق یہ پہلا موقع نہیں جب گاندھی کے مجسمے کو مسخ کیا گیا، گزشتہ برسوں میں متعدد مجسمے توڑے جا چکے ہیں، جن میں 2014 اور 2019 کے واقعات بھی شامل ہیں۔






