بغیرلائسنس موٹر سائیکل چلانے پر 20،کار 30 اور ہیوی وہیکل پر 50 ہزار چالان ہوگا، آئی جی سندھ

0
166

کراچی: آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے اعلان کیا ہے کہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس کے گاڑی چلانے والوں پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔ موٹر سائیکل پر 20 ہزار، کار پر 30 ہزار جبکہ ہیوی وہیکل پر 50 ہزار روپے کا چالان ہوگا۔

آئی جی سندھ نے یہ اعلان کراچی کے ایک نجی ہوٹل میں منعقدہ تقریب کے دوران کیا، جس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو اور ڈی آئی جی ٹریفک سید پیر محمد شاہ بھی شریک تھے۔

اس موقع پر غلام نبی میمن نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کو برسوں سے اس فیصلے کا انتظار تھا، سندھ حکومت نے ہمارے مطالبات منظور کر لیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ابتدا میں بغیر ڈرائیونگ لائسنس کے چالان کی رقم ایک لاکھ روپے تجویز کی گئی تھی، تاہم سندھ حکومت نے اتنی بھاری سزا کی منظوری نہیں دی۔

انہوں نے کہا کہ عام تاثر یہ ہے کہ شہر میں کیمرے لگنے سے سب کچھ بہتر ہو گیا ہے، حالانکہ ایسا نہیں ہے۔ ڈرائیونگ لائسنس کے نظام کو بہتر بنایا گیا ہے مگر ابھی مزید بہتری کی ضرورت ہے۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ کراچی کے ڈرائیوروں کی صلاحیت اس معیار کی نہیں کہ اسے مثالی کہا جا سکے۔ جب تک ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کے نظام کو مکمل طور پر درست نہیں کیا جاتا، ٹریفک کا نظام بھی بہتر نہیں ہوسکتا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا