بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع جونپور میں 75 سالہ شخص 35 سالہ خاتون سے شادی کے اگلے روز ہی انتقال کرگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سنگرو رام نامی شخص پیشے سے کسان تھا۔ ایک سال قبل سنگرو کی پہلی اہلیہ کا انتقال ہوگیا تھا جس کے بعد وہ اکیلا زندگی گزار رہا تھا۔
حال ہی میں سنگرو نے دوسری شادی کا فیصلہ کیا تاہم گاؤں والوں نے اس عمر میں شادی سے روکنے کی کوشش کی۔ لیکن اس کے باوجود سنگرو نے 35 سالہ منبھاوتی سے کورٹ میرج کرلی۔ بعد ازاں مندر میں دونوں کے لیے ایک چھوٹی تقریب بھی منعقد کی گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق منبھاوتی کی بھی یہ دوسری شادی تھی۔ اس کے پہلے شوہر سے اس کے دو بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے۔ سنگرو نے اسے یقین دلایا تھا کہ شادی کے بعد وہ اس کے بچوں کی دیکھ بھال خود کرے گا۔
منبھاوتی کے مطابق شادی کے اگلے روز صبح سویرے اچانک ہی سنگرو کی طبیعت خراب ہوگئی۔ اسے اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
دوسری جانب سنگرو کی شادی کے اگلے ہی روز موت پر اہل خانہ نے شکوک و شبہات کا اظہار کرتے ہوئے پولیس میں مقدمہ درج کرا دیا۔
سنگرو رام کے رشتے داروں نے اس کی موت کو مشتبہ قرار دیتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کرتے ہوئے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا۔






