اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے امریکی صدر کے 20 نکاتی امن منصوبے کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینیوں کے خلاف کوئی بھی ظالمانہ اقدام قابل قبول نہیں ہوگا اور صمود فلوٹیلا پر حملے کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔
جے یو آئی کی طرف سے جاری بیان میں مولانا فضل الرحمان نے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں جمعے کو فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی کارروائیوں کے خلاف مظاہروں کی کال دے دی۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کا 20 نکاتی فارمولا قبول نہیں کیا جائے گا۔
جے یو آئی کے رہنما عبدالغفور حیدری نے بھی اپیل کی کہ علما جمعے کے خطبات میں اس منصوبے کے خلاف قراردادیں منظور کروائیں اور اہلِ وطن مظاہروں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے کر اپنی دینی غیرت و حمیت کا ثبوت دیں۔






