اسلام آباد: قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیانات پر پاکستان پیپلز پارٹی نے ایوان سے واک آؤٹ کر دیا۔
سپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت اجلاس میں پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر نے کہا کہ آن گراؤنڈ حالات جوں کے توں ہیں، کوئی تبدیلی نہیں آئی، جب تک حالات تبدیل نہیں ہوتے ہم ایوان کا حصہ نہیں بن سکتے۔ ان کے اعلان کے بعد پیپلز پارٹی کے ارکان واک آؤٹ کر گئے تاہم حکومتی ارکان انہیں منا کر واپس اجلاس میں لے آئے۔
اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ مذاکرات ہی مسائل کا واحد حل ہیں، تمام معاملات افہام و تفہیم سے حل ہوسکتے ہیں، الزام تراشی کسی کے لیے فائدہ مند نہیں۔ ان کی تقریر کے بعد اجلاس پیر کی شام 5 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔
قبل ازیں صحافیوں نے بھی اسلام آباد پریس کلب پر پولیس تشدد اور توڑ پھوڑ کے خلاف پریس گیلری سے واک آؤٹ کیا۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز پولیس نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں گھس کر صحافیوں پر تشدد کیا اور املاک کو نقصان پہنچایا، جس پر صحافتی تنظیموں نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔






