کراچی: پورٹ قاسم کو عالمی ادارے کی درجہ بندی میں دنیا کی نویں سب سے زیادہ ترقی کرنے والی کنٹینر بندرگاہ قرار دیا گیا ہے۔
کنٹینر پورٹ پرفارمنس انڈیکس (CPPI) 2024 میں 400 سے زائد عالمی بندرگاہوں کا تجزیہ کیا گیا، جس سے پاکستان کی عالمی اہمیت اجاگر ہوئی اور چار برسوں میں 35.2 پوائنٹس کی غیر معمولی ترقی عملی کارکردگی کا ثبوت بنی۔
وفاقی وزیر جنید انور چوہدری نے اسے “قومی فخر کا لمحہ” قرار دیا اور کہا کہ پالیسی اصلاحات اور مؤثر قوانین نے اس کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ڈیجیٹلائزیشن، کارگو آٹومیشن اور ریئل ٹائم ٹریکنگ نے بندرگاہ کی کارکردگی کو نیا معیار دیا اور ڈی پی ورلڈ کے قاسم انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل (QICT) نے عالمی معیار برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔
حکومت نے طویل عرصے سے رکے ہوئے ڈریجنگ منصوبے کی منظوری دی ہے جس سے بڑے جہازوں کی آمدورفت ممکن ہوگی اور تجارتی حجم میں اضافہ ہوگا۔ نئے برتھس اور اسٹوریج سہولیات برآمدی صلاحیت کو بھی بڑھائیں گی۔
چیئرمین پورٹ قاسم ریئر ایڈمرل (ر) معظم الیاس نے کہا کہ یہ کامیابی افرادی قوت کی محنت اور جدید ٹیکنالوجی کی بدولت حاصل ہوئی، اور کراچی، گوادر اور پورٹ قاسم ایک جدید سمندری مثلث کی شکل اختیار کر رہے ہیں، جس سے درآمدات اور برآمدات کی لاگت میں کمی ہوگی۔ اس کامیابی سے غیر ملکی سرمایہ کاری میں بھی اضافہ متوقع ہے اور یہ پاکستان کی بحری خوش حالی کے وژن کی عملی تعبیر ہے۔






