امریکی سائنسدانوں نے ایک نیا کنکریٹ تیار کیا ہے جو عمارتوں اور سڑکوں کو بیٹری کے طور پر کام کرنے کی صلاحیت فراہم کرے گا۔ میساچوسیٹس انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (MIT) کے محققین نے ایسا کنکریٹ تیار کیا ہے جو اپنی توانائی ذخیرہ کر سکتا ہے اور اسے ضرورت کے مطابق خارج بھی کر سکتا ہے، جس سے گھروں اور برقی گاڑیوں کے لیے توانائی کی فراہمی ممکن ہوگی۔
یہ کنکریٹ بیٹری سمنٹ، پانی، کاربن بلیک اور الیکٹرولائٹ کے مرکب سے تیار کیا گیا ہے، جو اندرونی طور پر کنڈکٹیو ’نینونیٹورک‘ تشکیل دیتا ہے۔ اس سے مٹیریل بجلی ذخیرہ کرنے اور خارج کرنے کے قابل ہو جاتا ہے۔ اوسط گھر کو اپنی توانائی کی ضروریات کے لیے تقریباً 5 مکعب میٹر اس مٹیریل کی ضرورت ہوگی۔
ایم آئی ٹی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ایڈمر میسک کا کہنا ہے کہ اس کنکریٹ کی پائیداری کے لیے ضروری ہے کہ وہ توانائی ذخیرہ کرے، خود مرمت کرے اور کاربن جذب کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہو۔ چونکہ کنکریٹ دنیا میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والا تعمیراتی مواد ہے، اس لیے اس میں اضافی فوائد حاصل کرنے کا امکان موجود ہے۔






