وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ میں امن کے قیام کے لیے حماس کے ردعمل کا خیرمقدم کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے لکھا کہ حماس کے بیان سے جنگ بندی کی نئی راہ ہموار ہوئی ہے اور فلسطینی عوام پر جاری نسل کشی کے بعد اب تک یہ جنگ بندی کے سب سے قریب موقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور کھڑا رہے گا۔ وزیراعظم نے صدر ٹرمپ سمیت قطر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ترکی، اردن، مصر اور انڈونیشیا کی قیادت کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران فلسطینی مسئلے پر بات کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ حماس کے بیان نے امن کے قیام کا موقع فراہم کیا ہے جسے ضائع نہیں ہونا چاہیے، پاکستان اپنے برادر ممالک کے ساتھ مل کر فلسطین میں پائیدار امن کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔






