بھارت اور چین کے درمیان براہِ راست پروازیں پانچ سال بعد بحال

0
124

نئی دہلی/بیجنگ: بھارت اور چین نے پانچ سال بعد براہِ راست فضائی سروس بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، حکام کے مطابق بکنگ کا آغاز آج سے کر دیا گیا ہے جبکہ پروازیں اکتوبر کے آخر تک دوبارہ شروع ہو جائیں گی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق، دونوں ممالک کے درمیان پروازیں 2020 میں کووِڈ-19 وبا اور سرحدی کشیدگی کے باعث معطل کر دی گئی تھیں۔ تعلقات میں بتدریج بہتری کے بعد اب فضائی رابطے بحال کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔

بھارتی وزارتِ ہوا بازی نے کہا کہ پروازوں کی بحالی سے عوامی روابط، سیاحت اور تجارتی تعلقات کو فروغ ملے گا اور یہ اقدام دوطرفہ تعلقات کو معمول پر لانے کی سمت اہم قدم ہے۔

بھارتی ایئرلائن انڈیگو نے اعلان کیا ہے کہ وہ 26 اکتوبر سے کولکتہ اور گوانگژو کے درمیان روزانہ براہِ راست پروازیں شروع کرے گی، بعد ازاں اس سروس کو نئی دہلی تک بڑھایا جائے گا۔ ایئرلائن کے مطابق یہ پروازیں سرحد پار تجارت اور کاروباری شراکت داری کو دوبارہ فعال کرنے میں مددگار ہوں گی۔

خیال رہے کہ 2020 میں ہمالیہ کی متنازع سرحد پر جھڑپ میں 20 بھارتی اور 4 چینی فوجی ہلاک ہوئے تھے، تاہم حالیہ برسوں میں دونوں ممالک نے مذاکرات، تجارتی تعاون اور مذہبی سیاحت کے ذریعے تعلقات میں نرمی پیدا کرنے کی کوشش کی ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا