شہیدوں کی قربانیوں پر ہزاروں حکومتیں قربان ہیں، پاکستان مخالف کو نہیں مانتے: حنیف عباسی

0
185

راولپنڈی: وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ شہیدوں کی قربانیوں پر ہزاروں حکومتیں قربان ہیں، اگر کوئی پاکستان مخالف بات کرے گا تو ہم اسے کبھی تسلیم نہیں کریں گے۔

انجمن تاجران کی جانب سے دیے گئے استقبالیہ سے خطاب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ایک وقت میں وینٹی لیٹر پر تھا لیکن آج دنیا بھر میں پاکستان کا بول بالا ہے۔ مڈل ایسٹ اور سینٹرل ایشیا میں قیادت کا کردار پاکستان ادا کر رہا ہے، اور یہ سب شہدا کی قربانیوں اور قیادت کی خلوص نیت سے محنت کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ یہ تمنا کرتے تھے کہ 9 مئی کے واقعات سے انہیں اقتدار مل جائے گا، مگر ایسا نہ ہوا۔ ہم نے ہمیشہ قانون کے دائرے میں رہ کر جدوجہد کی ہے۔

حنیف عباسی نے کہا کہ پختون، کشمیری اور سندھی سب ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں، لیکن جو کہے گا کہ پاکستان کو نہیں مانتے، ہم ایسے لوگوں کو نہیں مانیں گے۔

راولپنڈی کی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر نواز شریف اور مریم نواز کے کاموں کو نکال دیا جائے تو راولپنڈی میں کچھ نہ بچے، صرف پنڈ ہی باقی رہ جائے۔ اب یہاں الیکٹرک بسیں، جدید بس اسٹاپس، تعلیمی اور صحت کی سہولیات میسر ہیں۔

معرکہ حق پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے ہندوستان کی 22 چوکیوں پر قبضہ کیا اور سات بھارتی طیارے گرائے۔ بھارت نے نور خان بیس پر حملہ کیا تو پاکستان نے بھی گھس کر جواب دیا۔ پاک فوج کے جوانوں نے ہمیشہ قوم کی جان و مال اور عزت کی حفاظت کی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سعودی عرب سمیت دنیا پاکستان آرہی ہے، اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ہورہی ہے۔ پاکستان ہے تو ہم ہیں، ریل پورے پاکستان کو جوڑتی ہے اور پاکستان ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔

تقریب سے ممبر قومی اسمبلی دانیال تنویر چوہدری، انجمن تاجران کے رہنما شاہد غفور پراچہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا