مقبوضہ فلسطین کے علاقے الرام میں فلسطینی فٹ بال ایسوسی ایشن کے ہیڈکوارٹر پر اسرائیلی حملے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ فلسطینی فٹ بال ایسوسی ایشن کے مطابق اسرائیلی فوج نے گیس بم اور صوتی بموں سے حملہ کیا، جس سے عملے کے کئی ارکان زخمی ہوئے۔ ایسوسی ایشن نے اس حملے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ یہ فلسطینی کھیل اور کھلاڑیوں کو نشانہ بنانے کی منظم پالیسی کا حصہ ہے۔
پی ایف اے نے بتایا کہ ہیڈکوارٹر کے ساتھ واقع فیصل الحسینی اسٹیڈیم بھی بارہا اسرائیلی حملوں کی زد میں رہا اور انہیں اپنی سرزمین پر میچز کرانے کا حق نہیں دیا جا رہا۔ اسرائیل نے پہلے ہی سیکڑوں فلسطینی ایتھلیٹس اور فٹ بالرز کو شہید کرچکا ہے، جبکہ کھیلوں کے میدان، اسٹیڈیم اور بنیادی ڈھانچے کو بھی نقصان پہنچایا جا رہا ہے، جس سے فلسطینی کھیلوں کے انفرااسٹرکچر کو شدید نقصان ہوا ہے۔
فلسطینی فٹ بال ایسوسی ایشن نے فیفا، یوئیفا اور تمام بین الاقوامی اسپورٹس اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیلی فٹ بال ایسوسی ایشن پر فوری اور سخت پابندیاں عائد کریں۔ اس کے ساتھ ہی دنیا بھر کی تمام فٹ بال ایسوسی ایشنز، کلبوں اور کھلاڑیوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ فلسطین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں، انصاف اور انسانی حقوق کی پاسداری کریں اور ان جرائم کے ذمہ داروں کا احتساب یقینی بنائیں۔






